Saturday, 7 June 2014

گُمشدہ !!


میں اک پل
ایک لمحہ چاہتی ہوں
بہت عرصہ ہُوا ہے
خُود سے بچھڑے
میں خُود کو ڈھونڈ کے
بُوچھوں گی خُود سے
بھلا میں کس سے اپنا آپ مانگُوں

مشینوں نے مشینی کردیا ہے
نہ دن کو چین نہ راتوں کو نیندیں

سکائپ کی کُھلی کھڑکی
ہزاروں میل پہ بیٹھے ہوئے لوگوں کو
میرے گھر کی ڈائینگ میز پہ لا کر بیٹھاتی ہے
مگر جو لوگ میرے ساتھ رہتے ہیں
میں اُن سے بات کرنے کو ترستی ہوں

ٹُوئٹر
فیس بُک
وٹس ایپ نے اتنا ستایا ہے
کہ خُود اپنے لیئے فُرصت نہیں ملتی
مُصیبت یہ کہ ہر جادُو
میرے سیل فُون میں بند ہے

بمُشکل آنکھ لگتی ہے
تو میرے فُون پہ جل بُجھ رہی چھوٹی سی اک بتی
مجھے آواز دیتی ہے
مجھے بے چین کرتی ہے
‘‘ نہ جانے کون ہے اس وقت؟
جانے کیا ہُوا ہو گا؟
کسے کیا بات کرنی ہے؟ ‘‘
اور ان لمحوں میں گہری نیند
آنکھوں سے نکل
گھڑیال کی سُویئؤں پہ خود کو ٹانگ دیتی ہے

نہ دن کو چین نہ راتوں کو نیندیں
میں اک پل ایک لمحہ چاہتی ہوں

ثمینہ تبسم

No comments:

Post a Comment